Qattabi` maa yoohaaa ilaika wasbir hattaa yahkumal laah; wa Huwa khairul haakimeen
ترجمہ (جالندھری)
اور (اے پیغمبر) تم کو جو حکم بھیجا جاتا ہے اس کی پیروی کئے جاؤ اور (تکلیفوں پر) صبر کرو یہاں تک کہ خدا فیصلہ کردے۔ اور وہ سب سے بہتر فیصلہ کرنے والا ہے
تفسیر ابن کثیر حافظ عماد الدین ابن کثیرؒ
نافرمان کا اپنا نقصان ہے اللہ تبارک و تعالیٰ اپنے حبیب حضرت محمد رسول اللہ ﷺ سے فرماتا ہے کہ لوگوں کو آپ خبردار کریں کہ جو میں لایا ہوں، وہ اللہ کی طرف سے ہے۔
بلا شک و شبہ وہ نرا حق ہے جو اس کی اتباع کرے گا وہ اپنے نفع کو جمع کرے گا۔
اور جو اس سے بھٹک جائے گا وہ اپنا ہی نقصان کرے گا۔
میں تم پر وکیل نہیں ہوں کہ تمہیں ایمان پر مجبور کروں۔
میں تو کہنے سننے والا ہوں۔
ہادی صرف اللہ تعالیٰ ہے۔
اے نبی ﷺ تو خود بھی میرے احکام اور وحی کا تابعدار رہ اور اسی پر مضبوطی سے جما رہ۔
لوگوں کی مخالفت کی کوئی پرواہ نہ کر۔
ان کی ایذاؤں پر صبر و تحمل سے کام لے یہاں تک کہ خود اللہ تجھ میں اور ان میں فیصلہ کر دے۔
وہ بہترین فیصلے کرنے والا ہے جس کا کوئی فیصلہ عدل سے حکمت سے خالی نہیں ہوتا۔