Wa izaa massal insaanad durru da`aanaa lijambiheee aw qaa`idan aw qaaa`iman falammaa kashafnaa `anhu durrahoo marra ka al lam yad`unaaa ilaa durrim massah; kazaalika zuyyina lilmusrifeena maa kaanoo ya`maloon
ترجمہ (جالندھری)
اور جب انسان کو تکلیف پہنچتی ہے تو لیٹا اور بیٹھا اور کھڑا (ہر حال میں) ہمیں پکارتا ہے۔ پھر جب ہم اس تکلیف کو اس سے دور کر دیتے ہیں تو (بےلحاظ ہو جاتا ہے اور) اس طرح گزر جاتا ہے گویا کسی تکلیف پہنچنے پر ہمیں کبھی پکارا ہی نہ تھا۔ اسی طرح حد سے نکل جانے والوں کو ان کے اعمال آراستہ کرکے دکھائے گئے ہیں
تفسیر ابن کثیر حافظ عماد الدین ابن کثیرؒ
مومن ہر حال میں اللہ کا شکر بجا لاتے ہیں۔
اسی آیت جیسی (وَاِذَا مَسَّهُ الشَّرُّ فَذُوْ دُعَاۗءٍ عَرِيْضٍ 51) 41۔
فصلت :51) ہے یعنی جب انسان کو کوئی تکلیف پہنچتی ہے تو بڑی لمبی لمبی دعائیں کرنے لگتا ہے۔
ہر وقت اٹھتے بیٹھے لیٹتے اللہ سے اپنی تکلیف کے دور ہونے کی التجائیں کرتا ہے۔
لیکن جہاں دعا قبول ہوئی تکلیف دور ہوئی اور ایسا ہوگیا جیسے کہ نہ اسے کبھی تکلیف پہنچی تھی نہ اس نے کبھی دعا کی تھی۔
ایسے لوگ حد سے گزر جانے والے ہیں اور وہ انہیں اپنے ایسے ہی گناہ اچھے معلوم ہوتے ہیں۔
ہاں ایماندار، نیک اعمال، ہدایت و رشد والے ایسے نہیں ہوتے۔
حدیث شریف میں ہے مومن کی حالت پر تعجب ہے۔
اس کے لیے ہر الٰہی فیصلہ اچھا ہی ہوتا ہے۔
اسے تکلیف پہنچی اس نے صبر و استقامت اختیار کی اور اسے نیکیاں ملیں۔
اسے راحت پہنچی، اس نے شکر کیا، اس پر بھی نیکیاں ملیں، یہ بات مومن کے سوا کسی کو حاصل نہیں۔