Fastajaaba lahum Rabbuhum annee laaa Udee`u `amala `aamilim minkum min zakarin aw unsaa ba`dukum mim ba`din fal lazeena haajaroo wa ukhrijoo min diyaarihim wa oozoo fee sabeelee wa qaataloo wa qutiloo la ukaffiranna `anhum saiyi aatihim wa la udkhilanna hum Jannnatin tajree min tahtihal anhaaru sawaabam min `indil laah; wallaahu `indahoo husnus sawaab
ترجمہ (جالندھری)
تو ان کے پرردگار نے ان کی دعا قبول کر لی (اور فرمایا) کہ میں کسی عمل کرنے والے کے عمل کو مرد ہو یا عورت ضائع نہیں کرتا تم ایک دوسرے کی جنس ہو تو جو لوگ میرے لیے وطن چھوڑ گئے اور اپنے گھروں سے نکالے گئے اور ستائے گئے اور لڑے اور قتل کیے گئے میں ان کے گناہ دور کردوں گا اور ان کو بہشتوں میں داخل کروں گا جن کے نیچے نہریں بہ رہی ہیں (یہ) خدا کے ہاں سے بدلہ ہے اور خدا کے ہاں اچھا بدلہ ہے
تفسیر السعدی علامہ عبد الرحمٰن بن ناصر السعدیؒ
پس قبول کی (دعا) ان کی ان کے رب نے، یہ کہ نہیں ضائع کروں گا میں عمل کسی کرنے والے کا تم میں سے مرد ہو یا عورت، بعض تمھارا بعض سے ہے، ( یعنی تم ایک ہی ہو) پس وہ لوگ جنھوں نے ہجرت کی اور نکال دیے گئے وہ اپنے گھروں سے اور تکلیف دیے گئے میرے راستے میں اور لڑے وہ اور قتل کر دیے گئے وہ تو دور کر دوں گا ان سے ان کی برائیاں اور یقینا داخل کروں گا میں ان کو ایسے باغوں میں کہ چلتی ہیں ان کے نیچے نہریں، بطور ثواب کے اللہ کی طرف سے اور اللہ، اسی کے پاس ہے اچھا ثواب(195)
[195] اللہ تعالیٰ نے ان کی دعائے عبادت اور دعائے طلب، (دونوں دعائیں) قبول فرما لیں اور فرمایا: ﴿ اَنِّيۡ لَاۤ اُضِيۡعُ عَمَلَ عَامِلٍ مِّنۡكُمۡ مِّنۡ ذَكَرٍ اَوۡ اُنۡثٰى﴾ ’’میں کسی عمل کرنے والے کا عمل ضائع نہیں کرتا، وہ مرد ہو یا عورت‘‘ پس تمام لوگ اپنے اعمال کا پورا پورا اور وافر اجر پائیں گے۔۔۔
تم میں سے تمام لوگ (خواہ مرد ہوں یا عورت)ثواب اور عقاب میں مساوی ہیں۔﴿ فَالَّذِيۡنَ هَاجَرُوۡا وَاُخۡرِجُوۡا مِنۡ دِيَارِهِمۡ وَاُوۡذُوۡا فِيۡ سَبِيۡلِيۡ وَقٰتَلُوۡا وَقُتِلُوۡا ﴾ ’’وہ لوگ جنھوں نے ہجرت کی اور اپنے گھروں سے نکال دیے گئے اور جنھیں میری راہ میں ایذا دی گئی اور جنھوں نے جہاد کیا اور شہید کر دیے گئے‘‘ پس انھوں نے ایمان، ہجرت اور اپنے رب کی رضا کی خاطر اپنے وطن اور مال و متاع جیسی محبوب چیزوں سے مفارقت کو جمع کر دیا نیز انھوں نے اللہ کے راستے میں جہاد کیا۔
﴿ لَاُكَفِّرَنَّ عَنۡهُمۡ سَيِّاٰتِهِمۡ وَلَاُدۡخِلَنَّهُمۡ جَنّٰتٍ تَجۡرِيۡ مِنۡ تَحۡتِهَا الۡاَنۡهٰرُ١ۚ ثَـوَابًا مِّنۡ عِنۡدِ اللّٰهِ ﴾ ’’میں بالضرور ان کی برائیاں ان سے دور کروں گا اور بالضرور انھیں ان جنتوں میں لے جاؤں گا جن کے نیچے نہریں بہہ رہی ہیں، بدلہ اللہ کی طرف سے‘‘ جو اپنے بندے کو اس کے بہت تھوڑے سے عمل پر بہت زیادہ ثواب عطا کرتا ہے ﴿ وَاللّٰهُ عِنۡدَهٗ حُسۡنُ الثَّوَابِ ﴾ ’’اور اللہ کے پاس ہی بہترین اجر و ثواب ہے‘‘ ایسا ثواب جو کسی آنکھ نے دیکھا ہے نہ کسی کان نے سنا ہے اور نہ کسی بشر کے دل میں اس کے تصور کا گزر ہوا ہے۔
پس جو کوئی اس ثواب کے حصول کا ارادہ رکھتا ہے وہ حسب استطاعت اللہ تعالیٰ کی اطاعت اس کے تقرب کے ذریعے سے اس سے یہ ثواب طلب کرے۔