قرآن دیسیQuran Desi
تفسیر ابن کثیر · سورۃ العنکبوت

سورۃ العنکبوت آیت ۴۲ کی تفسیر

Surah Ankabut Ayat 42 · Tafseer Ibn Kathir

تمام تراجم پوری سورت میں پڑھیں
إِنَّ اللَّهَ يَعْلَمُ مَا يَدْعُونَ مِن دُونِهِۦ مِن شَىْءٍ ۚ وَهُوَ الْعَزِيزُ الْحَكِيمُ ٤٢

Innal laaha ya`lamu maa yad`oona min doonihee min shai`; wa Huwal `Azeezul Hakeem

ترجمہ (جالندھری)

یہ جس چیز کو خدا کے سوا پکارتے ہیں (خواہ) وہ کچھ ہی ہو خدا اُسے جانتا ہے۔ اور وہ غالب اور حکمت والا ہے

تفسیر ابن کثیر حافظ عماد الدین ابن کثیرؒ

مکڑی کا جالا جو لوگ اللہ تعالیٰ کے سوا اوروں کی پرستش اور پوجاپاٹ کرتے ہیں ان کی کمزوری اور بےعلمی کا بیان ہو رہا ہے۔
یہ ان سے مدد روزی اور سختی میں کام آنے کے امیدوار رہتے ہیں۔
ان کی مثال ایسی ہے جیسے کوئی مکڑی کے جالے میں بارش اور دھوپ اور سردی سے پناہ چاہے۔
اگر ان میں علم ہوتا تو یہ خالق کو چھوڑ کر مخلوق سے امیدیں وابستہ نہ کرتے۔
پس ان کا حال ایمانداروں کے حال کے بالکل برعکس ہے۔
وہ ایک مضبوط کڑے کو تھامے ہوئے ہیں اور یہ مکڑی کے جالے میں اپنا سرچھپائے ہوئے ہیں۔
اس کا دل اللہ کی طرف ہے اس کا جسم اعمال صالحہ کی طرف مشغول ہے اور اس کا دل مخلوق کی طرف اور جسم اس کی پرستش کی طرف جھکا ہوا ہے۔
پھر اللہ تعالیٰ مشرکوں کو ڈرا رہا ہے کہ وہ ان سے ان کے شرک سے اور ان کے جھوٹے معبودوں سے خوب آگاہ ہے۔
انہیں ان کی شرارت کا ایسا مزہ چھکائے گا کہ یہ یاد کریں۔
انہیں ڈھیل دینے میں بھی اس کی مصلحت وحکمت ہے۔
نہ یہ کہ وہ علیم اللہ ان سے بیخبر ہو۔
ہم نے تو مثالوں سے بھی مسائل سمجھا دئے۔
لیکن اس کے سوچنے سمجھنے کا مادہ ان میں غور و فکر کرنے کی توفیق صرف باعمل علماء کو ہوتی ہے۔
جو اپنے علم میں پورے ہیں۔
اس آیت سے ثابت ہوا کہ اللہ کی بیان کردہ مثالوں کو سمجھ لینا سچے علم کی دلیل ہے۔
حضرت عمرو بن عاص ؓ فرماتے ہیں میں نے ایک ہزار مثالیں رسول اللہ ﷺ سے سیکھی ہیں (مسند احمد) اس سے آپ کی فضیلت اور آپ کی علمیت ظاہر ہے۔
حضرت عمرو بن مروۃ فرماتے ہیں کہ کلام اللہ شریف کی جو آیت میری تلاوت میں آئے اور اس کا تفصیلی معنوں کا مطلب میری سمجھ میں نہ آئے تو میرا دل دکھتا ہے مجھے سخت تکلیف ہوتی ہے اور میں ڈرنے لگتا ہوں کہ کہیں اللہ کے نزدیک میری گنتی جاہلوں میں تو نہیں ہوگئی کیونکہ فرمان اللہ یہی ہے کہ ہم ان مثالوں کو لوگوں کے سامنے پیش کر رہے ہیں لیکن سوائے عالموں کے انہیں دوسرے سمجھ نہیں سکتے۔

یہی آیت تفسیر بیان القرآن میں پڑھیں یہی آیت تفسیر السعدی میں پڑھیں

ترجمہ اور ڈسپلے

عربی رسم الخط

دکھائے جانے والے تراجم

اردو
English
हिन्दी
বাংলা
ગુજરાતી
मराठी
සිංහල

اضافی حصے

مطالعہ