قرآن دیسیQuran Desi
تفسیر ابن کثیر · سورۃ سبا

سورۃ سبا آیت ۲۰ کی تفسیر

Surah Saba Ayat 20 · Tafseer Ibn Kathir

تمام تراجم پوری سورت میں پڑھیں
وَلَقَدْ صَدَّقَ عَلَيْهِمْ إِبْلِيسُ ظَنَّهُۥ فَاتَّبَعُوهُ إِلَّا فَرِيقًا مِّنَ الْمُؤْمِنِينَ ٢٠

Wa laqad saddaq `alaihim Ibleesu zannnabhoo fattaba`oohu illaa fareeqam minal mu`mineen

ترجمہ (جالندھری)

اور شیطان نے ان کے بارے میں اپنا خیال سچ کر دکھایا کہ مومنوں کی ایک جماعت کے سوا وہ اس کے پیچھے چل پڑے

تفسیر ابن کثیر حافظ عماد الدین ابن کثیرؒ

ابلیس اور اس کا عزم۔
سبا کے قصے کے بیان کے بعد شیطان کے اور مریدوں کا عام طور پر ذکر فرماتا ہے کہ وہ ہدایت کے بدلے ضلالت بھلائی کے بدلے برائی لے لیتے ہیں۔
ابلیس نے راندہ درگاہ ہو کر جو کہا تھا کہ میں ان کی اولاد کو ہر طرح برباد کرنے کی کوشش کروں گا اور تھوڑی سی جماعت کے سوا باقی سب لوگوں کو تیری سیدھی راہ سے بھٹکا دوں گا۔
اس نے یہ کر دکھایا اور اولاد آدم کو اپنے پنجے میں پھانس لیا۔
جب حضرت آدم و حوا اپنی خطا کی وجہ سے جنت سے اتار دیئے گئے اور ابلیس لعین بھی ان کے ساتھ اترا اس وقت وہ بہت خوش تھا اور جی میں اترا رہا تھا کہ جب انہیں میں نے بہکا لیا تو ان کی اولاد کو تباہ کردینا تو میرے بائیں ہاتھ کا کھیل ہے۔
اس خبیث کا قول تھا کہ میں ابن آدم کو سبز باغ دکھاتا رہوں گا غفلت میں رکھوں گا۔
طرح طرح سے دھوکے دوں گا اور اپنے جال میں پھنسائے رکھوں گا۔
جس کے جواب میں جناب باری جل جلالہ نے فرمایا تھا مجھے بھی اپنی عزت کی قسم موت کے غرغرے سے پہلے جب کبھی وہ توبہ کرے گا میں فوراً قبول کرلوں گا۔
وہ مجھے جب پکارے گا میں اس کی طرف متوجہ ہوجاؤں گا۔
مجھ سے جب کبھی جو کچھ مانگے گا میں اسے دوں گا۔
مجھ سے جب وہ بخشش طلب کرے گا میں اسے بخش دوں گا۔
(ابن ابی حاتم) ، اس کا کوئی غلبہ، حجت، زبردستی، مارپیٹ انسان پر نہ تھی۔
صرف دھوکہ، فریب اور مکر بازی تھی جس میں یہ سب پھنس گئے۔
اس میں حکمت الٰہی یہ تھی کہ مومن و کافر ظاہر ہوجائیں۔
حجت اللہ ختم ہوجائے آخرت کو ماننے والے شیطان کی نہیں مانیں گے۔
اس کے منکر رحمان کی اتباع نہیں کریں گے۔
اللہ ہر چیز پر نگہبان ہے۔
مومنوں کی جماعت اس کی حفاظت کا سہارا لیتی ہے اس لئے ابلیس ان کا کچھ بگاڑ نہیں سکتا اور کافروں کی جماعت خود اللہ کو چھوڑ دیتی ہے اس لئے ان پر سے اللہ کی نگہبانی ہٹ جاتی ہے اور وہ شیطان کے ہر فریب کا شکار بن جاتے ہیں۔

یہی آیت تفسیر بیان القرآن میں پڑھیں یہی آیت تفسیر السعدی میں پڑھیں

ترجمہ اور ڈسپلے

عربی رسم الخط

دکھائے جانے والے تراجم

اردو
English
हिन्दी
বাংলা
ગુજરાતી
मराठी
සිංහල

اضافی حصے

مطالعہ