Wa ya`budoona min doonil laahi maa laa yadurruhum wa laa yanfa`uhum wa yaqooloona haaa`ulaaa`i shufa`aaa `unaa `indal laah; qul atunabbi `oonal laaha bima laa ya`lamu fis samaawaati wa laa fil ard; subhaanahoo wa Ta`aalaa `ammaa yushrikoon
ترجمہ (جالندھری)
اور یہ (لوگ) خدا کے سوا ایسی چیزوں کی پرستش کرتے ہیں جو نہ ان کا کچھ بگاڑ ہی سکتی ہیں اور نہ کچھ بھلا ہی کر سکتی ہیں اور کہتے ہیں کہ یہ خدا کے پاس ہماری سفارش کرنے والے ہیں۔ کہہ دو کہ کیا تم خدا کو ایسی چیز بتاتے ہو جس کا وجود اسے نہ آسمانوں میں معلوم ہوتا ہے اور نہ زمین میں۔ وہ پاک ہے اور (اس کی شان) ان کے شرک کرنے سے بہت بلند ہے
تفسیر ابن کثیر حافظ عماد الدین ابن کثیرؒ
شرک کے آغاز کی روداد مشرکوں کا خیال تھا کہ جن کو ہم پوجتے ہیں یہ اللہ کے ہاں ہمارے سفارشی ہوں گے اس غلط عقیدے کی قرآن کریم تردید فرماتا ہے کہ وہ کسی نفع نقصان کا اختیار نہیں رکھتے ان کی شفاعت تمہارے کچھ کام نہ آئے گی۔
تم تو اللہ کو بھی سکھانا چاہتے ہو گویا جو چیز زمین آسمان میں وہ نہیں جانتا تم اس کی خبر اسے دینا چاہتے ہو۔
یعنی یہ خیال غلط ہے۔
اللہ تعالیٰ شرک و کفر سے پاک ہے وہ برتر و بری ہے۔
سنو پہلے سب کے سب لوگ اسلام پر تھے۔
حضرت آدم ؑ سے لے کر حضرت نوح ؑ تک دس صدیاں وہ سب لوگ مسلمان تھے۔
پھر اختلاف رونما ہوا اور لوگوں نے تیری میری پرستش شروع کردی۔
اللہ تعالیٰ نے رسولوں کے سلسلوں کو جاری کیا تاکہ ثبوت و دلیل کے بعد جس کا جی چاہے زندہ رہے جس کا جی چاہے مرجائے۔
چونکہ اللہ کی طرف سے فیصلے کا دن مقرر ہے۔
حجت تمام کرنے سے پہلے عذاب نہیں ہوتا اس لیے موت موخر ہے۔
ورنہ ابھی ہی حساب چکا دیا جاتا۔
مومن کامیاب رہتے اور کافر ناکام۔