قرآن دیسیQuran Desi
تفسیر ابن کثیر · سورۃ یونس

سورۃ یونس آیت ۳۲ کی تفسیر

Surah Yunus Ayat 32 · Tafseer Ibn Kathir

تمام تراجم پوری سورت میں پڑھیں
فَذَٰلِكُمُ اللَّهُ رَبُّكُمُ الْحَقُّ ۖ فَمَاذَا بَعْدَ الْحَقِّ إِلَّا الضَّلَٰلُ ۖ فَأَنَّىٰ تُصْرَفُونَ ٣٢

Fazaalikumul laahu Rabbukumul haqq; famaazaa ba`dal haqqi illad dalaalu fa annnaa tusrafoon

ترجمہ (جالندھری)

یہی خدا تو تمہارا پروردگار برحق ہے۔ اور حق بات کے ظاہر ہونے کے بعد گمراہی کے سوا ہے ہی کیا؟ تو تم کہاں پھرے جاتے ہو

تفسیر ابن کثیر حافظ عماد الدین ابن کثیرؒ

اللہ کی الوہیت کے منکر اللہ کی ربوبیت کو مانتے ہوئے اس کی الوہیت کا انکار کرنے والے قریشیوں پر اللہ کی حجت پوری ہو رہی ہے کہ ان سے پوچھو گے کہ آسمانوں سے بارش کون برساتا ہے ؟ پھر اپنی قدرت سے زمین کو پھاڑ کر کھیتی و باغ کون اگاتا ہے ؟ دانے اور پھل کون پیدا کرتا ہے ؟ اس کے جواب میں یہ سب کہیں گے کہ اللہ تعالیٰ ہی۔
اس کے ہاتھ میں ہے چاہے روزی دے چاہے روک لے۔
کان آنکھیں بھی اس کے قبضے میں ہیں۔
دیکھنے کی سننے کی حالت بھی اسی کی دی ہوئی ہے اگر وہ چاہے اندھا بہرا بنا دے۔
پیدا کرنے والا وہی، اعضا کا دینے والا وہی ہے۔
وہ اسی قوت کو چھین لے تو کوئی نہیں دے سکتا۔
اس کی قدرت و عظمت کو دیکھو کہ مردے سے زندے کو پیدا کر دے، زندے سے مردے کو نکالے۔
وہی تمام کاموں کی تدبیر کرتا ہے۔
ہر چیز کی بادشاہت اسی کے ہاتھ ہے۔
سب کو وہی پناہ دیتا ہے اس کے مجرم کو کوئی پناہ نہیں دے سکتا۔
وہی متصرف و حاکم ہے کوئی اس سے باز پرس نہیں کرسکتا وہ سب پر حاکم ہے آسمان و زمین اس کے قبضے میں ہر تر و خشک کا مالک وہی ہے عالم بالا اور سفلی اسی کا ہے۔
کل انس و جن فرشتے اور مخلوق اس کے سامنے عاجز و بےکس ہیں۔
ہر ایک پست و لاچار ہے۔
ان سب باتوں کا ان مشرکین کو بھی اقرار ہے۔
پھر کیا بات ہے جو یہ تقویٰ اور پرہیزگاری اختیار نہیں کرتے۔
جہالت وغبادت سے دوسروں کی عبادت کرتے ہیں۔
فاعل خود مختار اللہ کو جانتے ہوئے رب ومالک مانتے ہوئے معبود سمجھتے ہوئے پھر بھی دوسروں کی پوجا کرتے ہیں۔
وہی ہے تم سب کا سچا معبود اللہ تعالیٰ وکیل ہے اس کے سوا تمام معبود باطل ہیں وہ اکیلا ہے بےشریک ہے۔
مستحق عبادت صرف وہی ہے۔
حق ایک ہی ہے۔
اس کے سوا سب کچھ باطل ہے۔
پس تمہیں اس کی عبادت سے ہٹ کر اوروں کی عبادت کی طرف نہ جانا چاہیے یاد رکھو وہی رب العلمین ہے وہی ہر چیز میں متصرف ہے۔
کافروں پر اللہ کی بات ثابت ہوچکی ہے، ان کی عقل ماری گئی ہے۔
خالق رازق متصرف مالک صرف اللہ کو مانتے ہوئے اس کے رسولوں کا خلاف کر کے اس کی توحید کو نہیں مانتے۔
اپنی بدبختی سے جہنم کی طرف بڑھتے جا رہے ہیں۔
انہیں ایمان نصیب نہیں ہوگا۔

یہی آیت تفسیر بیان القرآن میں پڑھیں یہی آیت تفسیر السعدی میں پڑھیں

ترجمہ اور ڈسپلے

عربی رسم الخط

دکھائے جانے والے تراجم

اردو
English
हिन्दी
বাংলা
ગુજરાતી
मराठी
සිංහල

اضافی حصے

مطالعہ